Time 18 دسمبر ، 2017
کھیل

نجم سیٹھی کراچی میں پی ایس ایل فائنل کیلئے اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کئی سالوں سے کراچی کو نظر انداز کرنے کی جو غلطی کر رہا ہے اسے اب احساس ہوگیا ہے کہ یہ غلطی مہنگی ثابت ہوسکتی ہے۔ 

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پانچ روزہ دورے پر کراچی آرہے ہیں جہاں وہ پاکستان سپر لیگ فائنل کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لئے صوبے کی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ نے کراچی کرکٹ کی سیاست سے مکمل غیر جانب دار رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور پی سی بی نے 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اہم سیکیورٹی اداروں کی شخصیات سے ملیں گے اور  وہ چیئرمین بننے کے بعد پہلی بار کراچی میں پانچ دن قیام کریں گے۔ 

نجم سیٹھی نے اپنے مشیروں کے فیصلوں کو نظرانداز کرتے ہوتے ہوئے کراچی کرکٹ کے امور چلانے کے لئے بریگیڈیئر (ر) اختر ضامن کو عبوری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کراچی میں قیام کے دوران میڈیا کی اہم شخصیات سے ملیں گے اور پریس کانفرنس بھی کریں گے، وہ نیشنل اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام کی رفتار کاجائزہ لیں گے اور قائد اعظم ٹرافی کا فائنل بھی دیکھیں گے۔ 

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے سربراہ نے پاکستان کرکٹ میں ریجن کی سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بارے میں غلط مشورے دینے والے ایڈوائزرز کو بھی دور کردیا ہے۔

نوٹ: یہ خبر 18 دسمبر کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :