23 دسمبر ، 2017
کراچی: جوبلی کلاتھ مارکیٹ میں نقب زنی کی واردات میں ڈاکو کئی دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے کی نقدی اور زیورات لے اڑے۔
کراچی کے علاقے جوبلی کی کلاتھ مارکیٹ میں رات گئے نقب زنی کی واردات ہوئی جہاں ڈاکو کئی دکانوں کے تالے کاٹ کر نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
دکانداروں کےمطابق پہلے تین ڈاکو مارکیٹ میں داخل ہوئے تو وہاں موجود گارڈ نے ان سے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں کے مزید تین ساتھی آئے اور گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
دکانداروں کا کہنا ہےکہ ڈاکوؤں نے زیادہ تر جیولرز کی دکانوں پر ہاتھ صاف کیا، 6 دکانوں کے تالے توڑ کر نقدی اور دیگر سامان لوٹا گیا، تین دکانوں سے مجموعی طور پر 12 لاکھ کے قریب نقدی لوٹی گئی جب کہ ایک دکان کی دیوار میں سوراخ کرکے اس کا صفایا کردیا گیا۔
دکانداروں کے مطابق اس سے قبل بھی مارکیٹ میں نقب زنی کی وارداتیں ہوچکی ہیں جن میں ایک مرتبہ 23 اور پھر 17 دکانوں کے تالے کاٹے گئے، پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی لیکن کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔
دکانداروں نے واقعے کے بعد احتجاجاً آج دکانیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔