دنیا
Time 03 جنوری ، 2018

پاکستان کے بعد ٹرمپ کی فلسطین کی امداد بند کرنے کی بھی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

واشنگٹن: پاکستان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کی امداد بند کرنے کی بھی دھمکی دے ڈالی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا، 'صرف پاکستان ہی نہیں، کئی اور ممالک بھی ہیں جنہیں امریکا سالانہ اربوں ڈالر دیتا ہے، جیسا کہ ہم ہر سال فلسطین کو کروڑوں ڈالر دیتے ہیں مگر نہ تو اس کا خیر مقدم کیاجاتا ہے اور نہ عزت۔'






ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا، 'فلسطین اب اسرائیل سے امن مذاکرات کا خواہش مند بھی نہیں، تو ہم اُسے بھاری رقوم کیوں دیں؟'









امریکی صدر نے یہ ٹوئیٹ ایک ایسے وقت میں کی ہے جب یکم جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ 'امریکا نے گزشتہ 15 برس میں احمقوں کی طرح پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے اور انہوں نے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا'۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ 'پاکستان نے ہمارے حکمرانوں کو بے وقوف سمجھا، جن دہشت گردوں کو ہم افغانستان میں ڈھونڈتے رہے پاکستان نے انہیں محفوظ پناہ گاہیں دیں اور ہماری بہت کم معاونت کی، لیکن اب مزید نہیں'۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 6 دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر کے اس اعلان پر نہ صرف مسلم ممالک میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا بلکہ یورپی اور مغربی ممالک میں بھی اس فیصلے کے خلاف مظاہرے دیکھنے میں آئے۔

بعدازاں امریکی دھمکیوں کے باوجود 21 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے واشنگٹن کے فیصلے کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی تھی۔

مزید خبریں :