07 جنوری ، 2018
اسلام آباد: بشریٰ مانیکا کے سابق خاوند خاور مانیکا نے کہا ہے کہ انہوں نے بشریٰ سے پاک بیوی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بھلا آدمی زندگی میں نہیں دیکھا۔
ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وہ اپنے روحانی گھر کا مرشد سمجھتے ہیں اور ان کے بارے میں ایسی باتیں سن کر انہیں نہایت دکھ ہوا۔
اس سے قبل جیو نیوز کے نمائندے زاہد گشکوری سے گفتگو میں خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ کو طلاق دی اور بشریٰ نے کبھی ان سے خلع نہیں لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ کے ساتھ 30 سال خوشحال زندگی گزاری۔
خاور مانیکا نے بتایا کہ ڈھائی تین سال سے گھر میں کچھ چیزیں چل رہی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے اپنی سابقہ بیوی کو طلاق دی۔
انہوں نے طلاق کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ جوڑے کے درمیان کچھ ایسی چیزیں آرہی تھیں جس کی وجہ سے روحانی معاملات درست طریقے سے ادا نہیں ہوپارہے تھے۔
بشریٰ کی عمران خان سے شادی سے متعلق سوال پر خاور مانیکا نے زاہد گشکوری کو بتایا کہ انہیں طلاق دیے تقریباً تین ماہ یا اس سے زائد عرصہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی سابقہ اہلیہ لاہور میں ان دنوں اپنی والدہ کے گھر مقیم ہیں۔
جب ان سے طلاق کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے جواب دیا کہ عمران خان ان کی طلاق کی وجہ نہیں تھے، ان کی روحانیت کی ایسی کچھ چیزیں ہیں جو اس طلاق کی وجہ بنیں۔