Time 08 جنوری ، 2018
پاکستان

کراچی: سیکیورٹی گارڈ نے سرکاری بینک کے لاکرز کا صفایا کردیا

کراچی: سرکاری بینک کے سیکیورٹی گارڈ نے بینک میں ڈکیتی مار کر لاکرز لوٹ لیے۔

جیونیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گل بہار میں گزشتہ رات سرکاری بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں بینک کے لاکرز توڑ کر قیمتی زیوارت لوٹ لیے گئے۔

پولیس کے مطابق بینک کی سیکیورٹی پر تعینات ایک گارڈ صدام حسین نے رات گئے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ڈکیتی کی اور بینک کی سیکیورٹی پر مامور دوسرے گارڈ کو یرغمال بنا لیا۔

ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ملزمان نے بینک کے 26 لاکرز توڑے اور قیمتی زیوارت لے اڑے۔

ایس ایس پی کے مطابق نقب زنی کی واردات میں ملوث گارڈ صرف 3 روز قبل ہی بینک میں نوکری کے لیے آیا تھا اور اسے ایک نجی کمپنی کی معرفت سے نوکری دی گئی تھی، ملزمان نے چوری کی واردات میں گیس سیلنڈر اور لوہے کے راڈ استعمال کیے

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں  خوش قسمتی سے بینک لاکرز میں موجود نقدی محفوظ رہی تاہم چوری کیے گئے زیورات کی مالیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا نجی کمپنی کی انتظامیہ سے گارڈ سے متعلق کوائف حاصل کر لیے گئے ہیں جن کی تصدیق کی جارہی ہے جب کہ بینک میں موجود دوسرے گارڈ کو حراست میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :