Time 09 جنوری ، 2018
پاکستان

عوامی عدالت نے اہل اور نااہل کا فیصلہ کردیا، مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 20 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوامی عدالت نے اہلیت اور نا اہلیت کا فیصلہ کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ’’ آج عوامی عدالت نے پھر فیصلہ دے دیا ہے کہ اہل کون ہے اور نااہل کون! تمام سازشی عناصر مل کر بھی عوامی عدالت میں مسلم لیگ ن کا مقابلہ نہیں کرسکے‘‘۔

مریم نواز نے مزید لکھا کہ ’’عوامی خواہش اس بہتے ہوئے پانی کی طرح ہوتی ہے جو اپنا راستہ خود بناتا ہے اور اپنے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو ہٹادیتا ہے‘‘۔

انہوں نے پی پی 20 میں ن لیگ کی کامیابی پر خدا کر شکر ادا کرتے ہوئے کارکنوں کو مبارک باد بھی دی۔





مریم نواز نے چکوال کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مبارک ہو شیروں ! آپ کے ووٹ نے سازشیوں، مہروں اور اداروں کے پیچھے چھپنے والوں کو شکست دی‘‘۔





ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام نے نواز شریف کی ریویو پٹیشن پر فیصلہ سنادیا اور پانامہ، اقامہ اور نااہلی کو مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 20 چکوال پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان نے کامیابی حاصل کی۔

غیر سرکاری ابتدائی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت (ن) لیگ کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان کو 29 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔

تمام 227 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان 75 ہزار 655 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار طارق افضل 45 ہزار 702 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ناصر عباس 16112 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

2013 کے عام انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار چوہدری لیاقت علی خان نے 62 ہزار 88 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے چوہدری علی ناصر خان بھٹی 32 ہزار 827 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے اور آزاد امیدوار چوہدری اعجاز حسین فرحت نے 35 ہزار 570 ووٹ لیے تھے۔

2013 میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں کا فرق 29 ہزار 261 تھا۔

یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :