Time 10 جنوری ، 2018
پاکستان

کراچی: مشکوک افراد کی جسٹس گلزار کے بیٹے کو روکنے کی کوشش


کراچی: سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار کے صاحبزادے کی گاڑی کے قریب مشکوک افراد کی موجودگی پر گارڈز نے فائرنگ کردی۔

جیونیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد کے صاحبزادے سعد گلزار کراچی کے علاقے انڈسٹریل ایریا کے قریب ویٹا چورنگی پر اپنی گاڑی میں سوار تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی کے قریب مشکوک افراد کو دیکھ کر ان کے محافظ نے ہوائی فائرنگ کردی جس سے مشکوک افراد فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق سعد گلزار فارماسیوٹیکل کمپنی کے پروجیکٹ مینیجر ہیں، واقعے کے وقت ان کی گاڑی ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک افراد نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

نعمان صدیقی نے بتایا کہ مشکوک افراد نے پستول بھی نکالا تھا جس پر سعد گلزار کے محافظ نے ہوائی فائرنگ کی جس سے مشکوک افراد فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق شواہد ملے ہیں کہ سعد گلزار کے گارڈ کی فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص زخمی بھی ہوا۔

نعمان صدیقی کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور مشکوک افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے ہیں جب کہ تاحال سعد گلزار کا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا، ان کے بیان کے بعد مزیر کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :