ڈپارٹمنٹل ون ڈے: شان مسعود کی سنچری، یو بی ایل فائنل میں پہنچ گئی

فائل فوٹو

کراچی:ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کی شاندار سنچری کی بدولت ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم یو بی ایل نے سوئی سدرن گیس کو 7وکٹ سے شکست دے کر ڈپارٹمنٹل ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں یو بی ایل کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،میچ کے تیسرے اوور میں سوئی سدرن کے کپتان عمر امین کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر ٹیسٹ اوپنر سمیع اسلم اور اویس ضیاء نے 88رنز جوڑے،سمیع نے 57 اور اویس نے 48 رنز بنائے،دونوں کے یکے بعد دیگر آؤٹ ہونے کے بعد صرف آصف ذاکر ہی 41 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے۔

50ویں اوور کی پہلی گیند پر سوئی سدرن گیس کی ٹیم 235رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،جواب میں یو بی ایل کے کپتان شان مسعود نے ناقابل شکست 100 اور صہیب مقصود نے89 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

فائنل میں یو بی ایل کا مقابلہ واپڈا اور پی ٹی وی کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کے ساتھ ہفتے کو ہوگا۔

مزید خبریں :