15 جنوری ، 2018
راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات جاری ہیں اور گزشتہ ہفتے بھی بھارتی اشتعال انگیزی میں 65 سالہ خاتون جاں بحق ہوئیں جس پر پاکستان نے قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے کنٹرول لائن پر جنڈروٹ اور کوٹلی سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کے جوانوں نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے بھارتی فوج کے 3 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
نمائندہ جیونیوز کے مطابق پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ لائن آف کنٹرول پر کمیونی کیشن لائن کی مرمت کررہے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 1900 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔