28 جنوری ، 2018
ماؤنٹ مانگنوئی: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 18 رنز سے شکست کر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔
پاکستان نےکیویز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔
بے اوول میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے 182 رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 32 رنز کے مجموعی اسکور پر کیویز کپتان ولیم سن 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
مارٹن گپتل شاندار 59، انارو کچن 19، کولن ڈی گرینڈ ہوم ایک، روس ٹیلر 25، ٹوم بروس 22 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستان کے محمد عامر، عامر یامین، رومان رئیس اور فہیم اشرف نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناکر نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف دیا۔
اننگز کے آغاز پر فخر زمان اور احمد شہزاد اووپنگ کے لیے آئے لیکن 30 رنز کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بعدازاں 66 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم بھی 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے شاندار 46 رنز بنائے اور 106 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
سرفراز احمد 29 اور حارث سہیل 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی اور مچل سینٹنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
آج کے میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی اَن فٹ ہونے کے باعث شامل نہیں تھے، پی سی بی کے مطابق پریکٹس کے دوران فٹ بال کھیلتے ہوئےحسن علی کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔
حسن علی کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
میچ سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ میچ جیت کر ٹی 20 سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب کیویز کپتان کین ولیم سن کا کہنا تھا کہ کنڈیشن اچھی ہے، پچ پر گھاس ہے، لہذا اس کا فائدہ اٹھائیں گے اور پاکستان کو کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے۔
فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، سرفراز احمد (کپتان)، حارث سہیل، عمر امین، شاداب خان، عامر یامین، فہیم اشرف، محمد عامر، رومان رئیس
مارٹن گپتل، کین ولیم سن (کپتان)، انارو کچن، ٹوم بروس، روس ٹیلر، کولن ڈی گرینڈ ہوم، ٹوم بلنڈیل، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، اش سودھی، ٹرینٹ بولٹ