Time 29 جنوری ، 2018
کھیل

محمد عامر کی حاضر دماغی نے نیوزی لینڈ سے سیریز جتوائی


پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دی تو میچ میں ہر کھلاڑی کا کردار ہی اہم تھا لیکن میچ کا ٹرننگ پوائنٹ راس ٹیلر کی وکٹ تھی جو محمد عامر کی حاضر دماغی اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ملی۔

پاکستان کے 182 رنز ہدف کے تعاقب میں کیویز کی بیٹنگ جاری تھی اور اسے آخری پانچ اوورز میں 72 رنز بنانے تھے، ایسے میں نیوزی لینڈ نے پہلے اوور میں 17 رنز بنا لیے اور وکٹ پر موجود راس ٹیلر نے اگلے اوور میں چھکا لگا دیا جس سے یوں لگنے لگا کہ شاید میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل گیا۔

لیکن پھر راس ٹیلر کے لگائے گئے ایک شاٹ پر فاسٹ بولر محمد عامر کی ریویو کی اپیل نے پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔

ہوا کچھ یوں کہ راس ٹیلر نے شاٹ لگایا اور گیند سیدھا وکٹ کے پیچھے موجود سرفراز احمد کے ہاتھوں میں گئی جسے انہوں نے کریز کی دوسری جانب رن آؤٹ کرنے کے لیے اچھال دیا لیکن گیند وکٹ کو چھوئے بغیر گزر گئی۔

اسی موقع پر عامر نے ریویو لینے کو کہا، اس وقت کپتان سرفراز کو بھی سمجھ نہ آئی اور وہ سمجھے کہ شاید عامر فیلڈنگ میں رکاوٹ کا ریویو مانگ رہے ہیں لیکن معاملہ 'کاٹ بی ہائینڈ' کا نکلا اور ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ معلوم ہوا کہ گیند دراصل راس ٹیلر کے بلے کو چھو کر سرفراز کے ہاتھوں میں گئی تھی۔

واضح رہے کہ 28 جنوری کو ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 18 رنز سے شکست کر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم بن چکی ہے۔

مزید خبریں :