30 جنوری ، 2018
کرائسٹ چرچ: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 203 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو 273 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کے خلاف بھارت کی پہلی وکٹ 89 رنز پر گری جب پریتھوی شاہ 41 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، بعدازاں منجوت کلرا 47، ہاروک ڈیسائی 20، ریان پراگ 2، ابھیشک شرما 5، انوکل رائے 33، کملیش ناگر کوٹی 1، شبھوام ماوی 10 اور شیوا سنگھ 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے شبمن گل نے ناقابل شکست 102 رنز بنائے۔
پاکستان کے محمد موسیٰ نے 67 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، ارشد اقبال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی نے ایک وکٹ لی۔
جوابی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، بلے باز کریز پر جم نہ سکے اور ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوکر پویلین کو سدھارتے رہے اور 273 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 21ویں اوور میں ہی 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کے عمران شاہ نے 2، زید عالم نے 7، روحیل نذیر نے 18، علی زریاب نے 1، عماد عالم نے 4، محمد طحہٰ نے 4، حسان خان نے 1، سعد خان نے 15، شاہین آفریدی نے صفر اور ارشد اقبال نے 1 رن بنایا اور پویلن لوٹ گئے۔
جبکہ محمد موسیٰ 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کو 203 رنز سے ہرا کر بھارت نے فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے، جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
13 جنوری سے نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والا 16 ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ 3 فروری تک جاری رہے گا، جس میں شریک ٹیموں کو چار چار کے گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔