Time 02 فروری ، 2018
پاکستان

10 ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ:عمران خان کی جانب سے آج بھی کوئی پیش نہ ہوا

شہاز شریف نے گذشتہ برس جولائی میں عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا—۔فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل کی عدم پیشی پر کیس کی سماعت 17 فروری تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل بابر اعوان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

جس کے باعث عدالت نے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت 17 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

گذشتہ برس جولائی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

شہاز شریف نے یہ دعویٰ عمران خان کے ایک بیان کے بعد دائر کیا تھا، جب گذشتہ برس 25 اپریل کو شوکت خانم اسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں پاناما کیس پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دوسری جانب عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران مالی پیشکش کرنے والے شخص کا نام تو نہیں بتایا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بہت قریبی ہے۔

مزید خبریں :