03 فروری ، 2018
کراچی: اسٹیڈیم روڈ کے قریب دو روز قبل 7 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کرنے والا ملزم بچے کا سگا بھائی نکلا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نشے کا عادی ہے، چند روز قبل اس کے والد نے اسے مارا تھا جس کا بدلہ اس نے اپنے چھوٹے بھائی سے لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول بچہ اپنے والد کا لاڈلہ تھا اور اس کا بڑا بھائی اس سے حسد محسوس کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے چھوٹے بھائی سے بدفعلی کی اور پھر تار کی مدد سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ہی بچے کی لاش کی اطلاع گھر والوں اور پولیس کو دی تھی۔
یاد رہے کہ 7 سالہ بچے کی لاش جمعرات (یکم فروری) کو اسٹیڈیم روڈ پر نیشنل اسپورٹس سینٹر کے قریب جھاڑیوں سے ملی تھی۔
جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔
بچے کے قتل کا مقدمہ نیو ٹاؤن تھانے میں والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں قتل اور اغوا کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔
گذشتہ روز تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوع کا دورہ کیا تھا اور بچے کے قتل میں استعمال ہونے والا تار اور بچے کی چپل برآمد کرلی تھی۔