کراچی میں چینی باشندے کا قتل، سی سی ٹی وی ویڈیو نے نئے سوالات اٹھادیے

کراچی کے علاقے کلفٹن میں قتل ہونے والے چینی باشندے کے کیس کی تحقیقات محکمہ انسداد دہشت گردی نے شروع کردیں جبکہ واقعے کی سامنے آنے والی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج نے کئی سوالوں کو جنم دے دیا۔

مقتول چینی باشندے کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا جبکہ واقعے کی نئی سی سی ٹی وی ویڈیو میں چینی باشندے کو مختلف مقامات کی تصاویر لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

کراچی کے علاقے کلفٹن نیلم کالونی میں گذشتہ روز چینی باشندے چین زو کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے جائے وقوع کی جیوفنسنگ شروع کردی ہے جبکہ قتل سے قبل اور اس کے بعد ہونے والی کالز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہےجبکہ منظر عام پر آنے والی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چینی باشندے کو مختلف مقامات کی تصاویر کھینچتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی غور جاری ہے کہ کہیں کسی نے فون کرکے تو چین زو کو وہاں نہیں بلایا تھا کیوں کہ سامنے آنے والی فوٹیجز سے کہیں یہ نہیں لگ رہا کہ چین زو وہاں سبزی اور پھل لینے آیا تھا۔

اسکرین گریب

جائے وقوع سے ملنے والے 9 نائن ایم ایم کے خولوں کا بھی فارنزک جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے جس کے مطابق یہ اسلحہ اس سے قبل کسی واردات میں استعمال نہیں کیا گیا ہے۔

واردات کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ جس گاڑی پر فائرنگ کی گئی وہ بھی کلفٹن تھانے سے سی ٹی ڈی کے دفتر منتقل کردی گئی ہے۔



مزید خبریں :