08 فروری ، 2018
اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا۔
تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے چاروں صوبوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے 34 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جن میں 21 جنرل، 5 خواتین، 5 ٹیکنوکریٹ، 3 اقلیتیوں کی نشستوں کیلئےکاغذات جمع کروائے گئے۔
خیبرپختونخوا سے بھی 34 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں جنرل نشستوں کے 20، خواتین 8، ٹیکنوکریٹ کے6 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بلوچستان سے 28 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جبکہ اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے ایک امیدوار نے کاغذات جمع کروائے۔
فاٹا سے تاحال کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدواروں کی فہرست 9 فروری کو آویزاں کی جائے گی جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 فروری تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف 15 فروری تک اپیلیں کی جاسکیں گی جس کے بعد 18 فروری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی اور 19 فروری کو امیدوار کے نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔
خیال رہے کہ سندھ اور پنجاب کی 12،12، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی 11،11 نشستوں پر 3 مارچ کو مذکورہ اسمبلیوں میں پولنگ ہوگی۔
سینیٹرز کی ریٹائرمنٹ:
یاد رہے کہ 11 مارچ کو 104 میں سے سینیٹ کے 52 ممبران ریٹائر ہو رہے ہیں جن میں پنجاب اور سندھ سے 12،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18 سینیٹرز جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 27 میں سے 9 سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔
اسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے جب کہ جے یو آئی (ف) کے 5 میں سے 3 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے 6 میں سے 5 سینیٹرز اور تحریک انصاف کا 7 میں سے ایک سینیٹر ریٹائر ہوگا جب کہ مسلم لیگ (ق) کےتمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔