17 فروری ، 2018
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لودھراں کی عوام نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔
لودھراں میں این اے 154 کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز ایک بار پھر لودھراں آئیں گے اور آپ سے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لودھراں کی عوام نے اقبال شاہ جیسے فرشتہ صفت انسان کو ووٹ دے کر شہباز شریف اور میرا مان بڑھایا ہے جب کہ آپ نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا اور لودھراں کی عوام نے بتا دیا کہ ووٹ کا تقدس بحال ہوکر رہے گا۔
نواز شریف نے کہا کہ لاڈلہ کہتا ہے کہ ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب 5 سال بعد سبق سیکھنے کا خیال آگیا ہے لیکن اب انہیں قوم اور یہ خلق خدا سبق سکھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غریب کسانوں کے لیے حکومت نے بہت کام کیے ہیں اور آج کھاد کی قیمت 1300 روپے ہے لیکن پہلے یہ قیمت 2200 ہوتی تھی جب کہ ٹیوب ویل کا خرچہ بھی کم ہوگیا ہے۔
ان کہنا تھا کہ کراچی میں روز دہشت گردی ہوتی تھی لیکن ہم نے آکر کراچی کو دوبارہ پر امن شہر بنادیا ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کے پی کے والے کا نمائندہ یہاں 50 ہزار کی برتری سے جیتنے کے خواب دیکھ رہا تھا لیکن 27 ہزار ووٹوں سے ہار گیا، اتنی رعونیت اور تکبر صحیح نہیں ہے۔
جب کہ ہم نے الیکشن جیتنے کا اعلان سنا تو اللہ کے سامنے سجدے میں گرگئے اور اللہ کا شکر ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر ایک روپے کی رشوت کا الزام نہیں ہے لیکن کچھ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا، ایسا فیصلہ دنیا میں کہیں نہیں سنا۔
نواز شریف نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں اور جو کچھ 70 سالوں سے ہورہا ہے اسے ختم کرنا ہے اور اپنے ووٹ کی حرمت اور تقدس کی حفاظت کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کب تک آپ کا وزیر اعظم رسوا اور ذلیل ہوتا رہے گا، جسے آپ وزیر اعظم بناتے ہیں کیا اسے بار بار ہٹایا جائے گا؟ میں آپ کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ (ن) لیگ جیتے گی اور غریبوں کو دروازے کی دہلیز تک انصاف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے جو بھی وعدہ کیا ہے، اسے پورا کیا ہے لیکن کے پی کے حکومت نے عوام کے حوالے سے کوئی توجہ نہیں دی اور ان سے 5 سالوں میں میٹرو بس نہیں بن سکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھا جائے کہ یہ لوگ 5 سال کہاں تھے اور وہاں کی عوام کے لیے کیوں کچھ نہیں کیا؟
اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لودھراں والوں نے (ن) لیگ کے امیدوار کو منتخب کروا کے مجھے اور نواز شریف کو خرید لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لودھراں والوں نے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں غرق کردیا اور آج ہم یہاں پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جھوٹوں کا آئی جی عمران خان کا کہتا تھا کہ چوروں کو شکست ہوگی تو یہاں چوروں کو واقعی شکست ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے اس شخص کو جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے امریکا کے 5 ارب ڈالر کو مسترد کردیا آپ نے آج اس نواز شریف کو ووٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے اور یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، جناب زرداری صاحب آپ نے اپنے دور اقتدار میں بجلی کے منصوبے نہ لگائے لیکن ساری دولت لوٹ کر لے گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان صاحب کہتے ہیں ہم نے بجلی پیدا کی تو بتائیں وہ بجلی کہاں ہے؟ یہاں پر ہے یا مریخ پر ہے؟ آپ جھوٹے ہیں اور آپ نے ایک واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی۔
واضح رہے کہ 12 فروری کو لودھراں میں این اے 154 پر ہونے والے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد اقبال شاہ نے تحریک انصاف کے امیدوار علی ترین کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی۔