پاکستان
Time 17 فروری ، 2018

آصف زرداری کا راؤ انوار کو ’بہادر بچہ‘ کہنے پر افسوس کا اظہار


سابق صدر آصف علی زرداری نے نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو بہادر بچہ کہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میرے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو اس پر افسس ہے۔

آصف زرداری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ماورائےعدالت قتل گھناونا جرم ہے جس کی کوئی معافی نہیں اور لوگوں کو جبری لاپتا اور جعلی مقابلوں میں ہلاک کرنا قابل نفرت جرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کوزبردستی غائب کر دینا اور ماورائے عدالت قتل ایک جیسے جرائم ہیں، سوچ بھی نہیں سکتا کہ پیپلزپارٹی ایسے اقدامات کی حمایت کرے گی۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے راؤ انوار سے متعلق اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف ہوئی تو مجھے افسوس ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے بارے میں مجھ سے غلط الفاظ ادا ہوئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ راؤ انوار ایک بہادر بچہ ہے جو ایم کیو ایم سے لڑنے میں بچ گیا۔

 پی آئی اے کی نجکاری مجرمانہ ارادوں سے کی جا رہی ہے، آصف زرداری

پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پارلیمنٹ کو بے خبررکھنا قوم کے خلاف ایک جرم ہے، قومی اداروں کی اس طرح نجکاری کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

آصف زرداری نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری عام انتخابات سے پہلے پیسے بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پُر اسرار انداز میں انتخابات سے قبل پی آئی اے کی نجکاری سے باز رہے اور قومی ایئر لائن کی خریداری کے خواہشمند بھی اس معاملے سے باز رہیں۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کے خریداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مضمرات انہیں بھگتنا پڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری مجرمانہ ارادوں سے کی جا رہی ہے اس لیے پیپلز پارٹی کے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اٹھائیں اور نجکاری کے پیچھے چھپے ہوئے مقاصد کو بے نقاب کریں۔

مزید خبریں :