امریکی خاتون کا مشن: 3 برس میں ایک ملین سگریٹ کے ٹکڑے جمع کرلیے


امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوبرن کی رہائشی خاتون نے اپنی صفائی کی انوکھی مہم کے دوران 3 برس میں ایک ملین سے زائد سگریٹ کے ٹکڑے اکٹھے کرلیے۔

سیلی ڈولی اپنے علاقے میں واحد خاتون ہیں جو سگریٹ کے ٹکڑے کچرے دان کے بجائے گلی محلوں میں پھینکنے کے خلاف مہم چلا رہی ہیں۔

آڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق خاتون کا کہنا تھا، 'میں تھک گئی تھی جب بھی باہر نکلو سگریٹ کے ٹکڑے چلتے وقت ضرور پیروں میں آتے تھے، جو کافی پریشان کرتے تھے اور اس سے میرے علاقے کی خوبصورتی اور صفائی بھی متاثر ہوتی تھی'۔

انہوں نے بتایا، 'پہلے میرے دوست اور محلے والے میرے صفائی کے اقدام کا مذاق اڑاتے تھے لیکن بعد میں میری سنجیدگی دیکھ کر وہ میری حوصلہ افزائی اور مدد بھی کرنے لگے'۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے صرف پہلے دن ہی 3 ہزار سگریٹ کے ٹکڑے جمع کرلیے تھے، وہ ہر روز جمع کیے گئے ٹکڑوں کی گنتی ٹیلی کاؤنٹر میں محفوظ کرتی ہیں۔

رواں ماہ 14 فروری کو سیلی ڈولی کے جمع کیے گئے سگریٹ کے ٹکڑوں کی تعداد 1 ملین سے زائد ہو چکی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے ہی اپنے شہر کو سگریٹ کے ٹکڑوں سے صاف رکھنے کے لیے کافی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ایک دن سگریٹ نوشی ترک کردی جائے گی۔

مزید خبریں :