Time 27 فروری ، 2018
کھیل

سر ویوین رچرڈ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں دیکھنے کے خواہاں


پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈ نے پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک دو میچ کھیل چکی ہے جس میں سے اسے ایک میں کامیابی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ سال لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں کوئٹہ کی ٹیم فائنل تک پہنچی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈ ہیں جو پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

نمائندہ جیو نیوز سے بات چیت میں سر ویوین رچرڈ کا کہنا تھا کہ جب ٹیم مینجمنٹ اچھی ہو اور تمام چیزیں آپ کی مرضی کے مطابق ہورہی ہوں تو پھر کام کرنے میں مزہ آتا ہے جب کہ میں ایسا ہی محسوس کررہا ہوں جیسے گھر میں ہوں اور ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں نہ ہونے سے مداح مایوس ہیں لیکن اگر ہم کچھ اور میچز پاکستان میں کھیلیں تو اچھا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پی ایس ایل میں بھی فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا اور پاکستان میں کرکٹ مداح بھی پاکستان میں پی ایس ایل دیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا امید ہے کہ پی ایس ایل پاکستان میں ہوگی۔

سر ویوین رچرڈ نے ٹیم کے کپتان کے حوالے سے کہا کہ سرفراز احمد اچھے انسان ہیں جو ہمیشہ ہی اچھا کرنے چاہتا ہے اور وہ سچے گلیڈی ایٹر ہیں۔ 

مزید خبریں :