02 مارچ ، 2018
شارجہ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پشاور زلمی کے ہاتھوں پانچ وکٹوں سے شکست کے بعد کہا ہے کہ بولرز سے کچھ بری گیندیں ہوگئیں جو میچ ہارنے کی وجہ بنیں۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکست مایوس کن ہے لیکن ٹیم کو کریڈٹ دوں گا کہ اس نے زبردست انداز میں فائٹ کی۔
انہوں نے کہا کہ میچ تقریباً ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تھا لیکن ہمارے بولرز ہمیں میچ میں واپس لے آئے۔
سرفراز کا کہنا تھا کہ دو میچ ہارے ہیں اور دو جیتے ہیں، اب دوبارہ تعین کریں گے کہ ہماری سب سے اچھی پلیئنگ الیون کیا ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بولنگ بہت اچھی ہورہی ہے جس کی وجہ سے بیٹسمین مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹنگ پر کام کرنا پڑے گا، چار میچز ہوگئے ہیں، شین واٹسن کی نصف سنچری کے علاوہ کوئی بڑی اننگ نہیں لگ پائی ہے، امید ہے آگے آنے والے میچوں میں ٹاپ آرڈر سے بڑی اننگ لگے گی تو اسکور بھی لمبے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کا انجرڈ ہونا پریشان کن ہے، کھلاڑیوں کو بھی احتیاط کرنی ہوگی کہ زیادہ لیگز نہ کھیلیں، آگے پاکستان کی کافی مشکل سیریز آرہی ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی جنید خان اور شنواری ان فٹ ہوئے جس سے نئے گیند کروانے میں ہمیں مشکلات پیش آئیں۔