انوشکا شرما کی شادی کے بعد پہلی فلم باکس آفس پر ناکام

انوشکا شرما کی شادی کے بعد پہلی فلم ’پری‘ باکس آفس پر ناکام ہوگئی ہے اور فلم نے پہلے 4 دنوں میں 15 کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کیا ہے۔

فلم ’پری‘ انوشکا شرما کی ویرات کوہلی سے شادی کے بعد پہلی فلم ہے جسے 2 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاطر خواہ کامیابی سمیٹنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

فلم مجموعی طور پر سستی ہونے کی وجہ سے منافع میں ہی جائے گی لیکن یہ سب کچھ ٹی وی رائٹس، سیٹلائٹ رائٹس، ڈیجیٹل رائٹس اور میوزکل رائٹس کی آمدنی ملا کر کہا جائے گا۔

بالی وڈ میں دوسری طرف ’پیار کا پنچ نامہ‘ کی ٹیم کی فلم ’سونو کی ٹیٹو کی سوئٹی‘نے زبردست بزنس کیا ہے اور اس نے صرف اپنے دیس میں 65 کروڑ کمالیے ہیں۔

’ویرے کی ویڈنگ‘ پہلے تین دن میں چار کروڑ بھی نہیں کماسکی جب کہ بالی وڈ کے ’بجرنگی بھائی جان‘ اب چین میں دھوم مچارہے ہیں۔سلمان خان کی فلم نے پہلے 3 دن میں 100 کروڑ پاکستانی روپے کمائے ہیں۔

عامر خان کی دنگل نے چین میں پہلے تین دن میں 140 کروڑ پاکستانی روپے کمائے تھے لیکن اس فلم کے شوز ’بجرنگی بھائی جان‘ سے دگنے تھے۔ یہ بھی یاد رہے عامر خان ہی کی سیکرٹ سپر اسٹار نے چین میں پہلے تین دنوں میں 350 کروڑ پاکستانی روپے کمائے تھے۔

چین میں ایک ساتھ پہلے  6 چینی فلمیں ریلیز ہوئیں تھیں ان فلموں نے مجموعی طور پر دوسرے ہی ہفتے تک ایک کھرب روپے کا بزنس کرلیا تھا۔ ان فلموں میں سب سے آگے ’آپریشن ریڈ سی‘ہے، اس فلم نے صرف 17 دن میں 50 ارب روپوں کا بزنس کیا۔

اینیمیشن فلم ’مونسٹر ہنٹ‘ نے اتنے ہی دنوں میں 39 ارب روپوں کا بزنس کیا، اگلے ہفتے چین میں ہالی وڈ کا ’بلیک پینتھر‘ دھوم مچانے آرہا ہے، ’بلیک پینتھر‘ امریکا سمیت دنیا بھر میں اب تک 100ارب کا بزنس کرچکی ہے۔

آنے والی فلموں کی بات کی جائے تو پاکستانی فلم ’طیفا ان ٹربل‘، بالی وڈ کی ’ہچکی‘ اور ’باغی 2‘ کا ٹریلرز زبردست جارہے ہیں، رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ 23 مارچ کو ریلیز کی جائے گی اور  ٹائیگر شیروف کی ’باغی‘ کا نمبر 30 مارچ کو آئے گا۔

مارچ کی بیچ میں اجے دیوگن اور الیانا ڈی کروز کی ’ریڈ‘ بھی ریلیز ہوگی جب کہ اکشے کمار اور رجنی کانت کی ’روبوٹ 2‘ کا ٹیزر بھی آن لائن ’لِیک‘ ہوا فلم تو پتہ نہیں اب کب ریلیز ہوگی۔

لیکن اس سے پہلے رجنی کانت اور نانا پاٹیکر کی ’کالا‘ کی پہلی جھلک سامنے آگئی اور یہ بات اب طے ہے کہ یہ فلم روبوٹ سے پہلے ریلیز ہوگی۔

مزید خبریں :