ایگزیکٹ اسکینڈل: پیشی سے بچنے کیلئے شعیب شیخ کے طبعیت خرابی کے بہانے


کراچی: مقامی عدالت نے بدنام زمانہ ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کےملزم شعیب شیخ کی عدالت میں عدم پیشی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیاہے۔

کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں بدنام زمانہ ایگزیکٹ جعلی ڈگری اور منی لانڈرنگ سےمتعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے آغاز پر ملزم شعیب شیخ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکل کی طبعیت خراب ہے لہٰذا سماعت ملتوی کردی جائے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات نظرانداز کردیں۔

شعیب شیخ کے وکیل نے تاخیری حربے اپناتے ہوئے کہا کہ جیل میں ملزم کی جان کو خطرہ ہے۔

اس دوران ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ پہلےجیل ٹرائل تھا، ملزم وہاں بھی پیش نہیں ہورہا ہے، یہ تین سال سےتاخیری حربےاستعمال کیے جارہے ہیں۔

عدالت نے ملزم کی آئندہ سماعت پر پیشی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر شعیب شیخ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔

ایگزیکٹ اسکینڈل

واضح رہے کہ دنیا بھر میں جعلی ڈگری کا کاروبار کرنے والی کمپنی ایگزیکٹ کا انکشاف 18 مئی 2015 کو امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے کیا۔

ایگزکٹ کا جعلی ڈگریوں کا اسکینڈل دنیا بھر میں پاکستان کے لیے بدنامی کا باعث بنا کیونکہ ایگزیکٹ جعلی ڈگریوں، پیسے چھاپنے اور لوگوں کو بلیک میل کرنے کا کاروبار دنیا بھر میں پھیلا چکی تھی۔

مزید خبریں :