Time 27 فروری ، 2018
پاکستان

ایگزیکٹ اسکینڈل: شعیب شیخ عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل


کراچی: سیشن عدالت نے بدنام زمانہ ایگزیکٹ اسکینڈل کے حوالہ کیس میں ملزم شعیب شیخ کو 3 مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ نے شعیب شیخ کی بریت کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل منظور کی تھی جس کے بعد ملزم کے وکلا نے حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

ایف آئی اے حکام نے حفاظتی ضمانت مسترد ہونے کے بعد ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کو گرفتار کیا۔

ایف آئی اے حکام نے ایگزیکٹ کے سی ای او اور کیس کے ملزم شعیب شیخ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی سارہ جونیجو کی عدالت میں پیش کیا۔ 

ایف آئی اے حکام شعیب شیخ کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لائے اور اس دوران میڈیا نمائندوں کو بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے شعیب شیخ کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد ملزم کے وکیل نے جعلی ڈگری کیس میں درخواست ضمانت دائر کی جسے عدالت نے یکم مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کیا۔

عدالت نے حوالہ کیس میں ملزم شعیب شیخ کو تین مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

جعلی ڈگری کیس

اس سے قبل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ہی ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے تعینات کی تفصیلات طلب کیں۔

عدالت سماعت کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر برہم ہوگئی اور پولیس کے ذریعے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

اس پر صحافیوں نے مؤقف اپنایا کہ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے سماعت کی رپورٹنگ کی اجازت دی تھی، جج سارہ جونیجو نے کہا کہ کوئی بھی آرڈر کرے، میڈیا میری عدالت کی کوریج نہیں کرسکتا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :