Time 12 مارچ ، 2018
پاکستان

حسین حقانی کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج

امریکا میں تعینات سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کے خلاف اربوں روپے کے سیکرٹ فنڈز میں کرپشن کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین حقانی کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے اسلام آباد نے درج کیا ہے۔

حسین حقانی کے خلاف 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سیکرٹ فنڈ میں خورد برد کا الزام تھا جس پر ایف آئی اے نے دفعہ 420 کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے وزارت خارجہ سے امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی دستاویزات بھی طلب کر لی ہیں۔

دوسری جانب امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی نے کہا کہ میرے خلاف کیس انٹرپول کے ضوابط پورا کرنے کے لئے بنایا گیا اور میرے خلاف الزامات ریڈ وارنٹ کے لئے ایف آئی اے کی درخواست مسترد ہونے پر لگائے گئے۔

حسین حقانی کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے سے اس لیے انکار کیا کہ زندگی خطرے میں ہے اور یقین ہے کہ انٹرپول سیاسی بنیادوں پر قائم کیس کی حیثیت کو دیکھےگی۔

شکر کریں مجھ پر بھینس چوری کا مقدمہ نہیں بنایا گیا، حسین حقانی

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ شکر کریں مجھ پر بھینس چوری کا مقدمہ نہیں بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سفیر کا عہدہ چھوڑے ہوئے 7 سال ہو گئے ہیں، اگر کوئی بے ضابطگی ہوتی تو پہلے نشاندہی ہوتی لیکن میرے خلاف مقدمات ضابطے کی کارروائی پوری کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

رواں برس فروری میں سپریم کورٹ نے میمو گیٹ اسکینڈل میں حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :