16 مارچ ، 2018
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ انہوں نے پرویزمشرف کی وطن واپسی کی یقین دہانی پر فی الحال حکومتی اداروں کو کارروائی سے روک دیا۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں اپنا تحریری حکم جاری کردیا ہے جس میں وفاقی حکومت کو سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خصوصی عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے، اگر ایک ہفتے تک پرویز مشرف نہ آئے تو خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ مشرف بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرح عدالت میں پیش ہوں گے۔
نواز شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنےکے حوالے سے وزیرداخلہ نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی اس لیے یہ کیس کابینہ کو بھجوا دیا۔
انہوں نے کہا کہ چودھری نثار دور کے تمام ای سی ایل کیسز کی توثیق کابینہ سے کرائی جائے گی۔