17 مارچ ، 2018
مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں نے فائرنگ کرکے 2 انسداد پولیو اہلکاروں کو قتل کردیا جبکہ 3 اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے موسیٰ خیل میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے 2 پولیو اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ نامعلوم افراد نے 3 انسداد پولیو اہلکاروں کو اغواء بھی کرلیا۔
اہلکار علاقے میں جاری انسداد پولیو مہم کا معائنہ کر رہے تھے، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب کے آٹھ اضلاع میں پولیو کے خاتمے کی 5 روزہ مہم اورخیبرپختونخوا کے سات اضلاع اوروفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں تین روزہ انسداد پولیو کی مہم شروع کی گئی تھی۔