رانی مکھرجی کی 'ہچکی'

فلم میں رانی ایک استانی کے کردار میں نظر آئیں گی، جس کو بولنے میں مشکل ہوتی ہے—۔ویڈیو اسکرین گریب

اداکاری کے ٹیلنٹ کا پاور ہاؤس، سب سے بڑا پروڈکشن ہاؤس، مجبوری اور معذوری میں محنت اور لگن سے خود سے طاقتور کا چیلنج اور پھر کامیابی کا لائٹ ہاؤس۔ یہ تینوں ”ہاؤس“ ہیں بالی وڈ کی فلم”ہچکی“ میں، یہی نہیں فلم کا بجٹ بھی زیادہ نہیں تو اگر یہ فلم دیکھنے والوں کے دلوں کو چھوگئی اور جُڑ گئی تو ایک بڑی کامیابی یقینی ہے۔

فلم میں بالی وڈ کی ”رانی“ ایک استانی کے کردار میں نظر آئیں گی، جس کو بولنے میں مشکل ہوتی ہے اور اس بیماری کو اس کے اسٹوڈنٹ ”ہچکی“ کہتے ہیں۔ فلم میں ایک اونچے اسٹینڈرڈ کا اسکول دکھایا گیا ہے جہاں حکومت کی پالیسی اور قوانین کے تحت ایسے بچے بھی پڑھتے ہیں جو بڑے گھرانوں سے تعلق نہیں رکھتے اور نہ ہی انھیں باقی بچے اور اسکول ٹیچر اچھا سمجھتے ہیں۔

طبقاتی فرق کی اس کہانی میں کس طرح اسکول کے اِن بچوں کو اسکول سے نکالنے کی سازش ہوتی ہے اور کیسے رانی مکھرجی ان بچوں کے لیے دیوار، سہارا اور مقصد بنتی ہیں یہ سب فلم دیکھنے والوں کے لیے ایک اچھا سرپرائز ہوسکتا ہے۔

ویسے رانی مکھرجی کا نام ہی کسی فلم کے لیے کافی ہے۔ فلم ہٹ ہو یا فلاپ، رانی کا کردار بہت پاور فل ہوتا ہے۔ بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکارہ کے 7 ریکارڈز، ایک ہی کردار سے بہترین اداکارہ اور کریٹکس ایوارڈز جیتنے کا اعزاز، تینوں بڑے خان ہیروز کے ساتھ ہیٹ ٹرک کرنے والی بالی وڈ کی واحد اداکارہ، اس کے علاوہ خان تو خان ابھیشک بچن، سیف علی خان اور ویویک اوبرائے جیسے ہیروز کے ساتھ بھی رانی مکھرجی سپر ہٹ فلمیں دے چکی ہیں۔

رانی مکھر جی تو پہلے کے عدنان سمیع خان کی ویڈیوز میں بھی نظر آنے سے نہیں گبھرائیں۔

رومانس کی بات ہو تو ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ یا ’’چلتے چلتے‘‘ اور ’’ساتھیا‘‘، ایکشن اور ڈرامہ ہو تو ’’مردانی‘‘،  تھرلر اور کورٹ ڈرامہ ہو تو’’نو ون کلڈ جسیکا‘‘ اور ’’ویرزار‘‘، مسٹری ہو تو ’’تلاش‘‘ جیسی فلمیں اور کردار اور سب سے بڑھ کر” بلیک “، واقعی رانی مکھر جی جیسا کوئی نہیں۔

رانی مکھرجی کی فلم ہچکی ان کی 40 ویں سالگرہ کے ساتھ ہی ریلیز ہورہی ہے۔ بالی وڈ میں 30 کے بعد ہی ہیروئن کا کیریئر تقریباً ختم ہوجاتا ہے۔ رانی کی کزن کاجول اور سہیلی پریٹی زنٹا اب مرکزی کرداروں میں نظر نہیں آرہیں لیکن رانی اب بھی ڈٹی ہوئی ہیں۔اس میں تھوڑا کمال ان کے جیون ساتھی ادیتیا چوپڑا کا بھی ہے جو بالی وڈ کے سب سے بڑے پرودکشن ہاؤس یش راج بینر کے مالک ہیں اور خود بھی کامیاب ڈائریکٹر ہیں۔

یہ بھی بڑی دلچسپ بات ہے کہ ادیتیا چوپڑا نے رانی مکھرجی کے ساتھ بطور پروڈیوسر تو بہت کام کیا لیکن بطور ڈائریکٹر رانی کو صرف ”رب نے بنادی جوڑی“ کے ایک گانے میں مہمان اداکارہ کے طور پر کاسٹ کیا تھا۔

رانی مکھرجی کی آخری ریلیز ہونے والی فلم کا نام ”مردانی“ تھا، جس میں رانی نے ایکشن دکھانے والی پولیس افسر کا یادگار کردار ادا کیا تھا۔ فلم مردانی چار سال پہلے ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس پر کامیاب ہوئی تھی۔

فلم ہچکی کے ہدایتکار سدھارتھ ملہوترا ہیں۔آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ تو ہیرو ہیں جنھوں نے غالباً چپکے سے فلم بھی بنا دی، لیکن یہ سدھارتھ ملہوترا ہیرو نہیں بلکہ ڈائریکٹر ہیں اور اس سے پہلے کاجول اور کرینہ کپور کے ساتھ فلم”وی آر فیملی“ بھی بناچکے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر منیش شرما ہیں جو یش راج بینر کیلئے’’میری پیاری بندو ‘‘ اور ’’دم لگا کے ہے شا‘‘ پروڈیوس اور فین، بینڈ باجا بارات اور شدھ دیسی رومانس جیسی فلمیں ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :