22 مارچ ، 2018
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نقیب اللہ از خود نوٹس کیس میں جے آئی ٹی کو جلد تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد معطل ایس ایس پی راؤ انوار گزشتہ روز اچانک سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے ان کی حفاظتی ضمانت منسوخ کی جس پر انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔
جیونیوز کےمطابق سپریم کورٹ نے نقیب اللہ از خود نوٹس کیس کا 4 صفحات پر مبنی تفصیلی فیصلہ جاری کرکے کیس نمٹا دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ راؤ انوار کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کردی گئی ہے۔ عدالت نے راؤ انوار کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ نادرا کو ان کا بلاک شناختی کارڈ بھی بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے راؤ انوار سے تفتیش کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا ہےکہ جے آئی ٹی بغیر کسی دباؤ اور میڈیا کی خبروں سے مبرا ہوکر قانون کے مطابق شفاف تحقیقات کرے۔
عدالت نے تفتیش تک راؤ انوار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل رکھنے کا حکم دیا ہے جب کہ تحقیقات تک سندھ پولیس کو ملزم کی حفاظت کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔