23 جولائی ، 2012
اسلام آباد … ارسلان افتخار کیس میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیس سے متعلق ایسے کوئی حقائق نہیں جو پیش کئے جائیں۔ ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ ٹیم نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو 25 جولائی کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا نوٹس دیا تھا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے نوٹس کا جواب دیدیا ہے ۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ کیس سے متعلق ایسے کوئی حقائق نہیں جو پیش کئے جائیں، ارسلان افتخار کیس سپریم کورٹ میں آیا تھا، جس پر عدالت نے فیصلہ دیا تھا۔ رجسٹرار نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو جواب دیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی آپ کو بھجوارہے ہیں۔ دوسری جانب ارسلان افتخار ، ملک ریاض کے داماد سلیمان احمد اور بزنس پارٹنر احمد خلیل آج بیان ریکارڈ کرانے کیلئے مشترکا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ارسلان افتخار کو اب 26جولائی کو طلب کیا گیا ہے جبکہ ملک ریاض کے داماد سلیمان احمد نے بذریعہ فیکس مشترکا تحقیقاتی ٹیم کو آگاہ کیا ہے کہ جان کوخطرہ ہے اس لئے پاکستان نہیں آ سکتا، بیرون ملک سے بیان ریکارڈ کرانے کو تیار ہوں۔ ملک ریاض کے بزنس پارٹنراحمد خلیل نے مشترکا تحقیقاتی ٹیم کوبذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ وہ جرمنی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔