Time 08 اپریل ، 2018
کھیل

بھارت نے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلئے نجم سیٹھی کو ویزہ جاری کردیا

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی ۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کی عالمی تنظیم اور بھارتی حکومت کے درمیاں خاموش رابطوں کے نتیجے میں بھارتی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو بھارت کے ویزے جاری کردیے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے تعلقات کشیدہ ہیں اور بھارتی میڈیا خدشہ ظاہر کررہا تھا کہ رواں ماہ اپر یل میں کولکتہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ کی میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو بھارتی ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور روانگی سے قبل جیو کو بتایا کہ انہیں اور سبحان احمد کو بھارت کے ویزے مل گئے ہیں اور وہ 22 اپریل کو کولکتہ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

نجم سیٹھی آئی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی کہانیوں پر بات نہیں کروں گا میں آئی سی سی کا ڈائریکٹر ہوں اور مجھے ویزے کا اجراء آئی سی سی کی ذمے داری تھی اور یہ مسلہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا کامیاب انعقاد یقینی طور پر اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔ پاکستان کو فوری طور پر کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی نہیں مل رہی لیکن ہم نے آئی سی سی کو درخواست دے رکھی ہے کہ پاکستان آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی کا سالانہ اجلاس آئرلینڈ میں جون میں ہوگا جس کے بعد اکتوبر میں آئی سی سی کا ایک اور اجلاس ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ اس بات کے امکانات ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی پاکستان کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے سربراہ پاکستان آئیں گے تو اس میٹنگ سے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا انہیں درست اندازہ ہوسکے گا۔

واضع رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں لاہور میں پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی تھی لیکن اس اجلاس میں بھارت نے شرکت نہیں کی تھی۔

بھارت نے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی بھی میزبانی کرنی ہے جس کے بارے میں حتمی فیصلہ کوالالمپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :