’سات دن محبت ان‘: میٹھی عید پر محبت کا چٹ پٹا فارمولا

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

بس دروازہ کھلتا ہے اور ماہرہ جھٹ سے آپ کے دل میں بس جاتی ہیں، ساڑھی اور لہراتے بال ساتھ میں جذبات ہی جذبات، اوپر سے ماہرہ کے ٹشن۔

سب کا جادو کیا کم تھا کہ ایک ٹرک کے پیچھے لکھے ہوئے ٹائپ کا ایک شعر آتا ہے اور شاعری ایسی کہ سنیما گھروں میں سیٹیاں بجانے والے سب سے جیت جائیں گے۔

انٹرٹینمنٹ، انٹر ٹینمنٹ اور صرف انٹرٹینمنٹ ماہرہ خان، شہریار منور اور جاوید شیخ کی ’سات دن محبت اِن‘  کے پہلے ٹیزر نے صاف بتادیا اس عید پر کوئی لوجک نہیں صرف میجک چلے گا۔

ماہرہ خان کا دلکش انداز — فوٹو: اسکرین گریب

ٹیزر کا پہلا شاٹ ہی شاندار، ماہرہ خان کی انٹری زوردار، صرف ایک شکایت کہ ٹیزر کی شروع کی گرافکس نے تھوڑا مزا کرکرا کردیا، ٹیزر شروع ہی ماہرہ کے اُسی شاٹ سے ہونا چاہیے تھا۔

پھر شروع ہوتا ہے بھائی جان سے ’جان‘ اور زیرو سے ’ہیرو‘ بننے کا فارمولا اور کراچی کی ایمپریس مارکیٹ سے بڑے شاپنگ مال کی سیر کرانے والے سینما ٹو گرافر رانا کامران کی جادوگری یعنی ہر منظر میں رنگ ہی رنگ فلم میں آئٹم بھی ہیں اور آئٹم سانگ بھی۔

— فوٹو: اسکرین گریب

فلم ببلو سے ’بُل‘ بننے والے شہریار منور کے کردار کے گرد گھومتی لگتی ہے جس کے کئی شیڈز فلم میں نظر آئیں گے، ان کے ساتھ کالج یا یونیورسٹی جانے والے میرا سیٹھی بھی نظر آئیں گی اور پھر گلیمر گرل کا کردار ادا کرنی والی آمنہ الیاس لیکن شہریار کی جوڑی بِن داس ماہرہ سے ہی جڑے گی۔

فلم کی اسٹار کاسٹ ایک ساتھ — فوٹو: سوشل میڈیا

فلم کی کہانی اور مکالمے قدوسی صاحب کی بیوہ جیسے ڈرامے لکھنے والے فصیح باری خان کے ہیں اور اس بار بھی زندگی اور فلیور سے بھر پور ہیں۔ خود قدوسی صاحب کی بیوہ یعنی ایکٹنگ پاور ہاؤس حنا دلپزیر بھی اس فلم میں ہیں اور یہی نہیں فلم میں بیو ظفر بھی ہیں لیکن بالکل مختلف انداز میں۔

حنا اور فلم ’کیک‘ کی جان بیو ظفر کا ٹاکرا فلم میں دیکھنے والا ہوگا، جاوید شیخ صاحب کی بات کرنا ان کی تعریف کرنا اپنا اور آپ کا وقت ضائع کرنا ہے، وہ جہاں ہوں چھاجاتے ہیں سامنے علی ظفر ہوں، دانش تیمور، فہد مصطفی یا شہریار منور، شیخ صاحب کی ایکٹنگ، آواز اور شخصیت کے سامنے سب ’ ٹربل‘ میں ہی نظر آتے ہیں۔

جاوید شیخ کا فلم میں ایک منظر — فوٹو: اسکرین گریب

ماہرہ خان کا کردار اب تک ان کے سب فلمی کرداروں سے مختلف بھی ہے اور چیلنجنگ بھی۔ کوئی کچھ بھی کہے سب فلم دیکھنے ماہرہ خان کی وجہ سے ہی جائیں گے۔ فلم کے تقریباً تمام ہی اداکار ’ٹیزر‘ میں دِکھ گئے لیکن عدنان شاہ ٹیپو کی جھلک شاید ہم سے ’مِس‘ ہوگئی، خیر یہ ٹیزر ایک منٹ کا تھا جس میں سب کو سمونا سب کچھ سمونا نا ممکن تھا۔

فلم کے ڈائریکٹر مینو- فرجاد ہیں جن کا نام بالی وڈ کے ساجد -فرہاد جیسا ہے لیکن یہ جوڑی ’خود زندہ بھاگ‘ جیسی کامیاب فلم بنا چکی ہے۔ ابھی ٹیزر میں بیک گراؤنڈ میوزک نے فلم کو خوب آگے بڑھایا۔

فلم کیلئے بنایا گیا اینمیشن ٹائٹل باقی فلم کی ’لُک‘کے حساب سے تھوڑا سا ہلکا ضرور لگا، اب سب کو فلم کی ریلیز سے پہلے مکمل ٹریلر اور گانوں کا شدت سے انتظار ہے۔

نوٹ :

1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا اور اُس فلم کیلئے کام کرنے والا، فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے ۔

2۔۔ ہر فلم سینما میں جا کر دیکھیں کیونکہ فلم سینما کی بڑی اسکرین اور آپ کیلئے بنتی ہے۔ فلم کا ساؤنڈ، فریمنگ، میوزک سمیت ہر پرفارمنس کا مزا سینما پر ہی آتا ہے۔ آ پ کے ٹی وی ، ایل ای ڈی، موبائل یا لیپ ٹاپ پر فلم کا مزا آدھا بھی نہیں رہتا۔

3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو اور ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تبصرہ صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ یا رائے ہوتی ہے، جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔

4۔۔ غلطیاں ہم سے ،آپ سے ،فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں۔ آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں۔

5۔۔ فلم کے ہونے والے باکس آفس نمبرز یا بزنس کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے جو کچھ مارجن کے ساتھ کبھی صحیح تو کبھی غلط ہوسکتا ہے۔

6۔۔ فلم کی کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں۔ بڑی سے بڑی فلم ناکام اور چھوٹی سے چھوٹی فلم کامیاب ہوسکتی ہے۔ ایک جیسی کہانیوں پر کئی فلمیں ہِٹ اور منفرد کہانیوں پر بننے والی فلم فلاپ بھی ہوسکتی ہیں۔ کوئی بھی فلم کسی کیلئے کلاسک کسی دوسرے کیلئے بیکار ہوسکتی ہے۔

7۔۔ فلم فلم ہوتی ہے،جمپ ہے تو کٹ بھی ہوگا ورنہ ڈھائی گھنٹے میں ڈھائی ہزار سال، ڈھائی سو سال، ڈھائی سال، ڈھائی مہینے، ڈھائی ہفتے، ڈھائی دن تو دور کی بات دو گھنٹے اور اکتیس منٹ بھی سما نہیں سکتے۔


مزید خبریں :