آئی فون کو ری سائیکل کرنے والا نیا روبوٹ متعارف

ڈیزی روبوٹ 2016 میں متعارف کیے جانے والے ایپل کے روبوٹ لیام (Liam) کا اَپ گریڈ ورژن ہے—۔فوٹو/ بشکریہ ایپل

امریکی کمپنی ایپل نے آئی فون کو ری سائیکل کرنے والا روبوٹ تیار کر لیا۔

حال ہی میں ایپل کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ڈیزی نامی روبوٹ آئی فون کی تمام نو موبائل سیریز کے المونیم، کوبالٹ، تانبے، گولڈ اور سلور سمیت دیگر تمام حصوں کو علیحدہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جنہیں ری سائیکل کیا جاسکتا ہے۔

 یہ روبوٹ 2016 میں متعارف کیے جانے والے ایپل کے روبوٹ لیام (Liam) کا اَپ گریڈ ورژن ہے۔

کمپنی کے مطابق ڈیزی روبوٹ آئی فونز کو ری سائیکل کرکے اس کے اہم پارٹس الگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جنہیں دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے، اس طرح ایک صحت مند ماحول کی تشکیل کے لیے کمپنی کے عزم کا اعادہ ہوتا ہے۔

ٹیک ری پبلک کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈیزی روبوٹ ایک گھنٹے میں 200 آئی فونز کے اہم حصے علیحدہ کرسکتا ہے۔

ڈیزی روبوٹ آئی فونز کو ری سائیکل کرکے اس کے اہم پارٹس الگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ ایپل

ایپل نے یہ اعلان بھی کیا کہ 'ارتھ ڈے' کے موقع پر 30 اپریل تک ایپل اسٹورز اور ویب سائٹ کے ذریعے موصول ہونے والے تمام آئی فونز کی ری سائیکلنگ پر کمپنی نان پرافٹ کنزرویشن انٹرنیشنل کو عطیات فراہم کرے گی۔

ایپل کی ماحولیات، پالیسی اور سماجی اقدامات کی نائب صدر لیزا جیکسن کا کہنا ہے کہ 'ان کی کمپنی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سیارہ زمین کے وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے اسمارٹ طریقوں پر عملدرآمد کرنے کے لیے کوشاں ہے'۔


مزید خبریں :