Time 23 اپریل ، 2018
کاروبار

سوئی سدرن نے کے الیکٹرک کو گیس سپلائی میں اضافہ شروع کردیا

کراچی: سوئی سدرن نے کے الیکٹرک کو گیس سپلائی میں اضافہ شروع کر دیا جو 130 ایم ایم سی ایف ڈی تک کی جارہی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی ذرائع کے مطابق مقامی گیس کی سپلائی 130 ملین مکعب فٹ جب کہ بقیہ 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ایل این جی امپورٹ پر سپلائی ہو گی۔

سوئی سدرن ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک جیسے ہی گرین لائٹ دے گی اسے 60 ملین مکعب فٹ ایل این جی فراہم کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک تقریباً 6 ارب روپے سیکیورٹی ڈیپازٹ کی گارنٹی کے بجائے اصل رقم سوئی سدرن اکاؤنٹ میں منتقل کرے گی جب کہ 80 ارب روپے گیس بلوں کے بارے میں غیر جانبدار چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ 15 دن میں فیصلہ کرے گا اور اس عمل کی نگرانی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کریں گے۔

سوئی سدرن ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی پریشانی اور وزیراعظم کے حکم کے تحت گیس قلت کے باوجود کے الیکٹرک کو گیس سپلائی بڑھائی ہے لیکن اگر رقم ادائیگی میں پس و پیش کیا گیا تو گیس سپلائی دوبارہ روکی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں :