یوٹیوب کا 80 لاکھ ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کا انکشاف

ویڈیوز کا مواد جنسی اور انتہاء پسندی پر مبنی تھا: فوٹو/ فائل

ویڈیوز شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے انکشاف کیا ہے کہ یوٹیوب سے 80 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئی ہیں۔

یوٹیوب بلاگ پوسٹ کے مطابق سائٹ سے ایسی ویڈیوز کو ہٹایا گیا ہے جن کا مواد جنسی اور انتہاء پسندی پر مبنی تھا اور اس سے معاشرے پر غلط تاثر پڑ رہا تھا۔

بلاگ کے مطابق اس حوالے سے زیادہ تر شکایات بھارت سمیت امریکا، انڈونیشیا، ترکی، سعودی عرب، میکسیکو، جرمنی اور روس سے موصول ہوئی تھیں۔

کمپنی کے مطابق ویڈیوز کی نگرانی کرنے والی ٹیم نے 67 لاکھ ویڈیوز کی جانچ کی جس کے بعد ان ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا گیا تھا۔

یوٹیوب نے گزشتہ برس اکتوبر سے دسمبر تک کا مواد ڈیلیٹ کیا ہے جس میں 91 لاکھ افراد نے جنسی مواد والی ویڈیوز کی شکایات کی تھیں جب کہ 47 لاکھ افراد نے انتہاء پسندی پھیلانے والی ویڈیوز کی شکایات درج کرائی تھیں۔

کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں برس کے آخر تک سسٹم کو مضبوط بنا دیا جائے گا جس کے لیے ایک ہزار افراد پر مشتمل ٹیم کام کررہی ہے جو ہر ویڈیو کو اپ لوڈ ہونے سے پہلے چیک کرے گی۔

علاوہ ازیں یوٹیوب کا کہنا ہےکہ ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے صارفین کی مکمل معلومات اکٹھا کی جائیں گی اور دیکھا جائے گا کہ وہ کس مقصد کے لیے ویڈیو کو اپ لوڈ کررہا ہے۔

مزید خبریں :