دنیا
Time 25 اپریل ، 2018

یو اے ای: واٹس ایپ کے ذریعے انعامات کا لالچ دے کر لوٹنے والوں کے خلاف مہم


ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں پولیس نے موبائل انٹرنیٹ فراڈ سرگرمیوں سے متعلق آگاہی کے لیے ’محتاط رہیں‘ (be cautious) کے نام سے ایک مہم کا آغاز کردیا۔

ابوظہبی پولیس کی جانب سے اس مہم کا آغاز گزشتہ روز کیا گیا، جس کا مقصد سوشل میڈیا اور موبائل ایپلیکیشنز خصوصاً واٹس ایپ پر موصول ہونے والے جھوٹے اور فراڈ میسجز کی روک تھام کرنا ہے۔

پولیس نے تمام صارفین کو خبردار کیا کہ ایسے کسی بھی واٹس ایپ میسج کا جواب نہ دیا جائے جس میں انعامات کا لالچ دے کر آئی ڈی، پاسورڈ، کریڈٹ کارڈ نمبرز اور ذاتی معلومات مانگی جائیں کیونکہ یہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

پولیس نے اس فراڈ کا شکار ایک پاکستانی شخص کی ویڈیو بھی جاری کردی، تاکہ امارات میں آباد پاکستانی کمیونٹی محفوظ رہ سکے۔

مذکورہ پاکستانی نے ویڈیو میں بتایا کہ 'کبھی بھی اس قسم کا پیغام موصول ہو جس میں ذاتی معلومات پوچھی جائیں تو اس کا کبھی جواب نہ دیں، یہ سب پیسے دینے کے بجائے دھوکے سے پیسے وصول کرلیتے ہیں'۔

اس ویڈیو کے ذریعے آگاہی پیغام کو اردو سمیت انگریزی،عربی اور فلپائنی زبان میں بھی جاری کیا گیا ہے۔  

جنرل کمانڈ افیئرز سیکٹرز سیکیورٹی میڈیا ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر کرنل محمد المہیری کے مطابق فراڈ سرگرمیوں کو روکنے اور سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صارفین کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دھوکا نہ کھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیوز میں حقیقی تجربات شیئر کیے جارہے ہیں تاکہ صارفین میں شعور پیدا ہو اور وہ اس سے اجتناب کریں۔

انہوں نے بتایا کہ لالچ دینے والے پیغامات موصول ہونے کی صورت میں امن سروس ’8002626‘ یا ’2828‘ پر ایس ایم ایس بھیج کر اس حوالے سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :