Time 25 اپریل ، 2018
کھیل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرا 16 جون کو ہوگا

50 اوورز کے کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد آئندہ برس 30مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا — فوٹو: فائل

آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میگا ایونٹ کا باضاطہ شیڈول کل جاری کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق 50 اوورز کے کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد آئندہ برس 30مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا یعنی ایونٹ میں شریک تمام 10 ٹیمیں آپ میں ٹکرائیں گی۔

میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 31 مئی سے اپنے سفر کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ 3 جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے ہوگا۔

پاکستان کا مقابلہ7 جون کو سری لنکا اور 12 جون کو آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں مد مقابل ہوں گی۔

گرین شرٹس 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلہ دیشن سے مقابلہ کرے گی۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 9 جولائی کو مانچسٹر اور دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔

یاد رہے کہ 1992 کا ورلڈ کپ بھی راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں کامیابی حاصل کی تھی۔

انگلینڈ میں اس سے قبل 1999 کا ورلڈ کپ بھی منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان نے فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم اسے آسٹریلیا سے شکست ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :