دنیا
Time 27 اپریل ، 2018

سابق سی آئی اے ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے امریکی وزیرخارجہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

نئے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپی حلف اٹھارہے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیتر نوریٹ ٹوئٹر

واشنگٹن: امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے بطور 70ویں وزیر خارجہ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کی برطرفی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو نئے وزیر خارجہ کے انتخاب کے لئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی شدید تنقید کے باوجود مائیک پومپیو امریکی وزیر خارجہ منتخب ہوگئے۔

سیینٹ میں حکمراں جماعت ریپبلکن پارٹی کی اکثریت کے باعث مائیک پومپیو کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا اور اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے 5 اراکین نے بھی پومپی کے حق میں ووٹ دیا۔

امریکی وزیر خارجہ کے انتخاب کے لئے مائیک پومپیو کو سینیٹ میں 57 میں سے 42 ووٹ ملے جس کے بعد وہ نئے وزیر خارجہ منتخب ہوئے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے مائیک پومپیو پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف اور جنگ کے حامی ہے۔

مائیک پومپیو نے سینیٹ سے منتخب ہونے کے بعد اپنے عہدے کا بھی حلف اٹھالیا، جس کے بعد انہیں مبارکباد دیے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مائیک پومپیو نے ایسٹر کے موقع پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان سے ملاقات کی تھی جس کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان دوریاں کم ہوئیں۔

امریکی پریس سیکرٹری سارا سینڈر نے مائیک پومپی اور کم جانگ ان کی ملاقات کی تصاویر سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیں اور کہا کہ انہوں نے کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لئے بہت شاندار کام کیا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ذاتی تنازع پر وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو ایک ٹوئٹ کر کے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ 

مزید خبریں :