’ایوینجرز‘ کے ریکارڈز کی کہانی

’ایوینجرز انفنٹی وار‘ نے اوپننگ کے بہت سارے ریکارڈز پاش پاش کردیئے ہیں— فوٹو/ فلم تشہیری پوسٹر 

ایک تو سپر ہیروز، پھر اتنے سارے سپر ہیروز کہ گِننا بھی مشکل اور یاد رکھنا اُس سے بھی مشکل۔ آئرن مین، بلیک پینتھر، اسٹیو روجرز، ہلک، ڈاکٹر اسٹرینج، اسپائیڈر مین، تھور اور پھر گارڈینز آف دی گلیکسی بھی اس فہرست میں شامل ہے۔

ہر سپر ہیروز کے دیوانوں کی تعداد لاکھوں میں ہے تو کسی سپر ہیرو کی ’فین فالونگ‘ کروڑوں میں ہے، ایسے میں ’ایوینجرز انفنٹی وار‘ نے اوپننگ کے بہت سارے ریکارڈز پاش پاش کردیئے ہیں۔

ایوینجرز نے پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور امریکا سمیت دنیا بھر میں پہلے 3 دن میں ریکارڈ 75 ارب پاکستانی روپے کا بزنس کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں دنیا کی سب سے بڑی فلمی مارکیٹ چین شامل نہیں جہاں فلم بعد میں ریلیز کی جائے گی۔

صرف شمالی امریکا کی بات کی جائے تو اس فلم نے صرف 3 دن میں ریکارڈ 30 ارب پاکستانی  روپے کمائے اور بھارت میں یہ فلم 100 کروڑ کا چھکا لگا چکی ہے جس کے بعد اب اس کی نظریں ’جنگل بک‘ کے ریکارڈز پر ہیں جو انڈیا میں ہالی وڈ کی سب سے کامیاب فلم ہے جس نے 180کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

پاکستان میں بھی ایوینجرز نے زبردست بزنس کیا، ہاں لیکن کوئی ریکارڈ نہیں توڑ پائی اور اب تک 10 کروڑ روپے کے بزنس کے باوجود اس کی اوپننگ سلمان کی ’سلطان‘ اور ہالی وڈ کی ’فیوریس7‘ اور ’فاسٹ اینڈ فیوریس 8‘ سے کم ہی رہی ہے۔

چین میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے یہ فلم شمالی امریکا کو چھوڑ کر انٹرنیشنل مارکیٹ کی اوپننگ کا ریکارڈ بھی نہیں توڑ سکی، اب تک ایوینجرز نے انٹرنیشنل مارکیٹ سے 45 ارب پاکستانی روپے کا بزنس کیا ہے۔

’فاسٹ اینڈ فیوریس 8‘ نے اسی مارکیٹ سے 50 ارب روپے کی اوپننگ کی تھی جس میں اکیلے چین کا حصہ 22 ارب روپے تھا، اس فلم کے لیے سب سے بڑا ہدف دنیا کی سب سے کامیاب ہالی وڈ فلم بننا ہے جس کے لیے اسے 320 ارب یعنی 3 کھرب روپے سے زیادہ کمائی کرنی ہوگی۔

’اواتار‘، ’ٹائی ٹینک‘ اور ’اسٹار وارز دی فورس اویکنز‘ وہ تین فلمیں ہیں جو 2 بلین امریکی ڈالرز کا بزنس کرچکی ہیں اور صرف سپر ہیروز کی کامیاب ترین فلم بننے کے لیے اس فلم کو 2012 میں ریلیز ہونے والی ’ایوینجرز‘ کا ریکارڈ توڑنا ہوگا جس نے باکس آفس پر دنیا بھر سے 180 رب روپے سے زیادہ کمائی کی تھی۔

مزید خبریں :