کراچی میں بلوچستان کے تحصیل ممبر کے بیٹے کی بدمعاشی، ویڈیو وائرل


کراچی میں راہگیر کی جانب سے رانگ وے پر ڈرائیونگ سے روکنے پر خود کو بلوچستان کے سیاسی رہنما کا بیٹا ظاہر کرنے والے لڑکے کی بدمعاشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں ایک شخص نے رانگ وے پر ڈرائیونگ کرنے والے دو نوجوان لڑکوں کو ٹوکا تو انہوں نے بجائے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے اس سے بدتمیزی کرنے لگے اور اسے گالیاں بھی دیں۔

راہگیر کی جانب سے جب ان لڑکوں سے کہا گیا کہ آپ قوانین توڑ رہے ہیں تو ایک نوجوان نے دھکمی آمیز لہجے میں کہا کہ ’میں ڈسٹرکٹ ممبر بلوچستان کا بیٹا ہوں، جو کرنا ہے کر لو‘۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے اس حوالے سے جیو نیوز کو بتایا کہ اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ویڈیو میں نظر آنے والے لڑکے کی شناخت جنید کے نام سے ہوئی ہے جو بلوچستان کے ضلع پشین کی تحصیل برشور کی یونین کونسل کے ڈسٹرکٹ ممبر ’لالہ‘ کا بیٹا ہے۔

جنید کے والد کا کہنا ہے کہ یہ واقع ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد میں سروس روڈ پر پیش آیا، جن لڑکوں نے میرے بیٹے کی ویڈیو بنائی وہ بھی رانگ وے پر آ رہے تھے، میرے بیٹے نے جب گاڑی روکی تو ان لڑکوں نے کیمرا نکال لیا اور ویڈیو بنانا شروع کر دی۔

ڈسٹرکٹ ممبر برشور کا کہنا تھا کہ جب یہ واقع پیش آیا تو رش بھی تھا اور گرمی بھی تھی لیکن ان کے بیٹے نے نا تو قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور نا ہی کسی کو گالی دی ہے، اس کے باوجود اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتا ہوں۔

مزید خبریں :