07 مئی ، 2018
کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں شدید گرمی کے دوران بن قاسم یونٹ کی خرابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عوامی مشکلات پر کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کردیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک بن قاسم بجلی گھر یونٹ کی خرابی کی وجوہات بتائے اور بیان کرے کہ کے الیکٹرک یونٹس کی بہتر مینٹی نینس کیوں نہ کر سکی۔
نیپرا ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بن قاسم پلانٹ کے ایک نہیں دو یونٹس بجلی پیدا نہیں کر رہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے الیکٹرک اس وقت 500 میگاواٹ کم بجلی سپلائی کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے کے الیکٹرک نے تین سے دس گھنٹےتک کی لوڈشیڈنگ یہ کہہ کر کی کہ سوئی سدرن مطلوبہ مقدار میں گیس فراہم نہیں کر رہی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مداخلت کے بعد سوئی سدرن نے اپنے واجبات کے باوجود گیس کی سپلائی بحال کردی۔
کچھ دن بجلی کی صورتِحال بہتر رہی لیکن پھر بن قاسم یونٹ کی خرابی کے باعث پھر لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی جس سے شدید گرمی میں شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔