عام انتخابات جولائی کی 25 یا 26 تاریخ کو کرانے پر غور

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخاب 2018 کے انعقاد کیلئے دو مجوزہ تاریخوں پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات 2018 کی پولنگ کے لیے دو تاریخوں پر غور کررہی ہے جس میں سے ایک تاریخ کا حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ طے ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے سمری صدر مملکت کو بھیجی جائے گی جن کی منظوری کے بعد عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان ہوجائے گا۔

الیکشن کمیشن اس وقت صدر مملکت کو بھجوائی جانے والی سمری پر کام کررہا ہے اور پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخ زیر غور ہے۔ یہ سمری رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں منظوری کیلئے صدر مملکت کے پاس بھیج دی جائے گی۔

‎الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ کی منظوری صدر مملکت سے لینے کا پابند ہے،صدر مملکت سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن الیکشن شیڈول جاری کرے گا۔

سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن مئی کے آخر یا جون کے پہلے ہفتے میں الیکشن شیڈول جاری کرے گا۔

‎الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی سے لے کر حتمی فہرستیں آویزاں کرنے کے لیے 4 ہفتوں کا وقت رکھ دیا ہے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے 8 روز رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن 2013 کے لیے پولنگ کا انعقاد 11 مئی کو ہوا تھا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن نے اکثریت حاصل کی تھی۔

قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے ارکان نے یکم جون 2013 کو حلف اٹھایا تھا اور اس طرح پاکستان کی 14 ویں قومی اسمبلی تشکیل پائی تھی۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی اور نگراں حکومت قائم ہوجائے گی جو قانون کے مطابق 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوتی ہے۔

تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے عام انتخابات وقت پر کرانے پر اتفاق کیا ہے اور  امید یہی کی جارہی ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :