25 جولائی ، 2012
استنبول… ایران اور یورپی یونین کے سینیئر سفارتکاروں کے درمیان ایران کے جوہری تنازعہ پر ترکی کے شہر استنبول میں خفیہ مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں ایران کی نمائندگی جوہری سفارتکار علی باغیری جبکہ یورپی یونین کی نمائندگی خارجہ پالیسی کی نائب سربراہ ہیلگا شمیڈ نے کی۔ ترک حکام کے مطابق استنبول میں ایک نامعلوم مقام پر ہونے والے مذاکرات کی ذرائع ابلاغ کو کوریج کی اجازت نہیں تھی۔ مذاکرات کا مقصد سلامتی کونسل کے 5مستقل رکن ممالک اور جرمنی پر مشتمل گروپ پی فائیو پلس ون اور ایران کے درمیان جوہری تنازعے کے حل کے لئے مشترکہ نکات تلاش کرنا تھا۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ جوپی فائیو پلس ون کی نمائندہ کی ایرانی جوہری سفارت کار سعید جلیلی سے ملاقات کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔