Time 21 مئی ، 2018
پاکستان

پیپلزپارٹی نے نگراں وزیراعظم کیلئے ذکا اشرف اورجلیل عباس کے نام فائنل کرلیے


پاکستان پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام فائنل کرلیے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نگراں وزیراعظم کے لیے تین ناموں پر غور کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف اور سابق سفیر جلیل عباس جیلانی کے ناموں کو فائنل کرلیا۔ 

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی یہی دونوں نام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دیے ہیں۔

آصف زرداری نے ذکاء اشرف اور جلیل عباس کو الگ الگ ٹیلی فون بھی کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محنت اور ایمانداری کی بنیاد پر ان کے نام نگراں وزیراعظم کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔

آصف زرداری نے امید کا اظہار کیا کہ آپ کی زیر نگرانی انتخابات ہوئے تو کسی کو شکایت نہیں ہوگی۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لیے 3 نام دیئے گئے تاہم تیسرے امیدوار کا نام سامنے نہیں آسکا۔

یاد رہے کہ ذکاء اشرف 1988 سے 1990 تک ذکاء وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر رہے ہیں جب کہ وہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔

ذکاء اشرف اکتوبر 2011 سے فروری 2014 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔  

جلیل عباس جیلانی سابق سفارت کار ہیں جنہوں نے 2013 سے 2017 تک امریکا میں پاکستان کے 22ویں سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔

اس سے قبل انہوں نے مارچ 2012 سے دسمبر 2013 تک سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دی ہیں۔

جلیل عباس جیلانی 1989 سے 1992 تک وزیراعظم آفس میں ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں اور وہ 1999 سے 2003 تک بھارت میں ڈپٹی ہائی کمشنر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ 

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان کل ملاقات ہوگی، جب کہ خورشید شاہ کہہ چکے ہیں کہ منگل کو نگراں وزیراعظم کے نام کر اعلان کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :