کراچی میں آج بھی سورج کی تپش برقرار، پارہ 43 ڈگری ریکارڈ

گزشتہ روز بھی کراچی میں سورج نے آگ برسائی اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا—۔فوٹو/رائٹرز

کراچی: شہرِ قائد میں آج بھی گرمی برقرار رہی اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مغربی علاقوں سے ہوائیں 10 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 9 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ (25 مئی) سے کراچی میں گرمی کم ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں سورج نے آگ برسائی اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کل ملک کا گرم ترین شہر چھور رہا، جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

احتیاطی تدابیر:

شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :