25 مئی ، 2018
انگلینڈ کے کرکٹر الیسٹر کک کا کہنا ہے کہ ٹیم کا پہلی اننگز میں 184 رنز پر آؤٹ ہونا افسوسناک ہے۔
لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ لارڈز کی پچ پر پاکستان کے بولرز کی لائن و لینتھ شاندار تھی۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ انگلش بیٹس مینوں نے شارٹ کھیلتے ہوئے غلطیاں کیں جس کا نتیجہ انہیں اپنی وکٹ گنوا کر اٹھانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کو کم ازکم 270 رنز کرنے چاہیے تھے اور 184 رنز پر آوٹ ہونا افسوس ناک ہے، ابھی چار دن کا کھیل باقی ہے اور دوسرے دن کے پہلے سیشن کا کھیل اہمیت کا حامل ہوگا جہاں انگلینڈ کے بولرز جلد وکٹیں حاصل کر کے پاکستان ٹیم کو دباؤ میں لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جانب سے الیسٹر کک 70 رنز بناکر نمایاں رہے ہیں۔