27 مئی ، 2018
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے وفاق اور صوبوں کے زیرانتظام علاقوں (فاٹا، پاٹا) کو ٹیکس فری قرار دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط لکھا ہے۔
صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق بل میں پاٹا کو شامل کرنے سے بل کی ترمیم میں مشکلات پیدا ہوں گی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کو بل پر تحفظات ہیں اور انہوں نے علاقے کو 10 سال تک ٹیکس فری قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے خط میں مزید کہا ہے پاٹا سے منتخب ارکان اسمبلی کا مطالبہ جائز ہے، فاٹا اور پاٹا دہشت گردی سے مثاثر ہوئے جب کہ آپریشن اور قدرتی آفات سے ان علاقوں کے لوگ بڑی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس فری کرنے کا اعلامیہ جاری کرے۔