ناصرالملک نگراں وزیراعظم: پی ٹی آئی، اے این پی اور دیگر جماعتوں کا خیرمقدم

مختلف سیاسی جماعتوں نے ناصرالملک کی بطور نگراں وزیراعظم تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر بذریعہ ٹوئٹ جسٹس (ر) ناصر الملک کی بطور نگراں وزیراعظم تعیناتی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔


پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پوری جماعت کی جانب سے جسٹس (ر) ناصرالملک کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جماعت اسلامی نے بھی جسٹس (ر) ناصرالملک کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جسٹس (ر) ناصرالملک کا نام قبول ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ صاف و شفاف انتخابات کرانے میں کردار ادا کریں گے۔


پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ناصرالملک کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کے نام پر سیاسی اتفاق رائے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے اور جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق رائے آئین اور جمہوریت کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس ناصر الملک کا نام حکومت نے دیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم عدلیہ کی آزادی اور وقار پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کے لیے نیک فعال ہوگا اور امید ہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک ملک میں بروقت، آزادنہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نگران حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ منفی عناصر کو پولنگ اسٹیشن سے دور رکھیں اور الیکشن کے نتائج پر کوئی اثر مرتب نہ ہو۔

مزید خبریں :