کھیل

اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، محمد حفیظ کی شمولیت کا امکان نہیں

 بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں—۔فائل فوٹو

اسکاٹ لینڈ کے خلاف 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی شمولیت کا امکان نہیں ہے اور ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی زخمی بابر اعظم کی جگہ مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم لیڈز ٹیسٹ کھیل کر مانچسٹر سے اسکاٹ لینڈ جائے گی، جہاں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 12 اور 13 جون کو کھیلے جائیں گے۔

بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے باوجود محمد حفیظ کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان نہیں، تاہم سلیکٹرز محمد حفیظ کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ انہیں ورلڈ کپ کے پلان کا حصہ بنایا جائے۔

یہ بھی امکان ہے کہ محمد حفیظ کو زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں چانس ملے۔

تاہم بابر اعظم کے اَن فٹ ہونے کے باوجود عمر امین کا کوئی چانس نہیں ہے۔ رومان رئیس اور عماد وسیم بدستور اَن فٹ ہیں جبکہ وہاب ریاض کو بھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔

توقع ہے کہ اسکاٹ لینڈ سے میچز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچوں کی پاکستانی ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور شعیب ملک، احمد شہزاد، عثمان شنواری، شاہین آفریدی، آصف علی، حسین طلعت اور محمد نواز پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

لیڈز ٹیسٹ سیریز کے بعد اظہر علی، اسد شفیق، سمیع اسلم اور راحت علی وطن واپس چلے جائیں گے جبکہ محمد عباس لیسٹر شائر کے لیے بقیہ میچ کھیلیں گے۔

مزید خبریں :