کھیل

انگلینڈ کوچ ٹریور بیلس کو عہدہ برقرار رکھنے میں مشکل کا سامنا

انگلینڈ کوچ ٹریور بیلس کو عہدہ برقرار رکھنا مشکل پڑگیا—.فائل فوٹو

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے انگلینڈ کے کوچ ٹریور بیلس کو انگلش ٹیم کی ٹیسٹ میچوں میں گذشتہ چھ ماہ سے  خراب کارکردگی پر کوچ کا عہدہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔

انگلش میڈیا نے لارڈز ٹیسٹ ہارنے کے بعد طوفان برپا کردیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ بیلس کو ٹیسٹ کوچنگ سے ہٹا کرمحدود اوورز تک برقرار رکھا جائے گا۔

اگر انگلینڈ پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی ہار گیا تو یہ اس کی مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوگی جس سے انگلینڈ  آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر چلا جائے گا۔

انگلینڈ کو اب تک دس ٹیسٹ میں ساتویں شکست کا سامنا ہے۔

انگلش کپتان جوروٹ کا آسٹریلوی کوچ کی حمایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کوچ کو تبدیل کرنا مسئلہ کا حل نہیں ہے،شکست کی ذمہ دار ٹیم ہے جو گذشتہ چھ ماہ سے مایوس کن کرکٹ کھیل رہی ہے ۔

محدود اوورز کی کرکٹ میں انگلینڈ کی کارکردگی بہتر ہے اس لئے امکان ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد انہیں ٹیسٹ کی کوچنگ سے محروم ہونا پڑ جائے گا۔

ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ پہلے نمبر پر ہے جب کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ فائنل کھیل چکا ہے۔

جوروٹ کا کہنا ہے کہ شدید ردعمل کے اثرات خراب ہوسکتے ہیں اور ہار کے بعد خطرے کی گھنٹی بجا دینا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

جوروٹ نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ کے ڈریسنگ روم میں کھلاڑی گرے ہوئے ہیں، انہیں اس مشکل وقت میں اٹھانے کی ضروت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اعتماد کی ضرورت ہے کیوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی گرے ہوئے کھلاڑی کی ضرورت نہیں ہے۔

مزید خبریں :